نوشہرہ: بچوں کو زہر دے کر قتل کرنے والی دادی گرفتار

نوشہرہ: خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں دل دہلا دینے والے واقعے میں 3 معصوم بچوں کو زہر دے کر قتل کرنے کے الزام میں پولیس نے بچوں کی دادی کو گرفتار کر لیا ہے۔

پولیس کے مطابق 19 مئی کو زہر دیے جانے کا یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس میں تینوں پوتے پوتیاں زہریلا کھانا کھانے سے جاں بحق ہو گئے تھے۔

ایڈیشنل سیشن جج نوشہرہ کی عدالت میں پیشی کے دوران ملزمہ کے بیٹے نے اپنی ماں کے خلاف بیان دیتے ہوئے انکشاف کیا کہ والدہ کو اس کی بیوی پسند نہیں تھی، جس بنا پر اسے کھانے میں زہر دے کر مارنے کی کوشش کی گئی۔

تاہم یہ زہریلا کھانا بچوں نے بھی کھا لیا، جس کے نتیجے میں وہ جانبر نہ ہو سکے جبکہ بیوی کی جان بچ گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مزید تفتیش جاری ہے اور ملزمہ سے زہر کے حصول اور نیت سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔