کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کرنے والی غیر ملکی ماہرین کی ٹیم واپس فرانس روانہ ہوگئی ہے۔ کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات کے لیے ائیر بس کمپنی کے ماہرین پر مشتمل 11 رکنی ٹیم 26 مئی کو فرانس سے کراچی پہنچی تھی۔ غیر ملکی ٹیم نے اپنے قیام کے دوران جائے وقوعہ سے تمام ضروری شواہد اکٹھے کیے اور رن وے کا بھی معائنہ کیا۔
فرانسیسی ٹیم کے ارکان کراچی ایئر پورٹ سے خصوصی پرواز اے آئی بی 1889 کے ذریعے فرانس روانہ ہوئے۔ فرانسیسی ٹیم اپنے ہمراہ دیگر شواہد کے ساتھ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر بھی لے گئی ہے، جنہیں ایئر بس کے ہیڈ کوارٹر میں ہی ڈی کوڈ کیا جائے گا۔ فلائٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی ڈی کوڈنگ سے تباہی سے قبل پرواز میں ہونے والی گفتگو سامنے آئے گی۔ ان ہی شواہد کی روشنی میں طیارہ حادثے کی حتمی رپورٹ تیار کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والی پی آئی اے کی پرواز لینڈنگ کے دوران آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں جہاز میں سوار عملے کے 8 ارکان سمیت 97 مسافر جاں بحق ہوگئے تھے۔