صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کیلئے اسٹیٹ لائف سے معاہدہ کی منظوری

پشاور۔ خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کی تمام آبادی کو صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کیلئے اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن سے معاہدہ کی اصولی منظوری دی ہے ٗ اسٹیٹ لائف نے سب سے کم بولی تھی صحت انصاف کارڈز صوبے کی سو فیصد آبادی کو مرحلہ وار کم سے کم وقت میں دئیے جانے کیلئے اقدامات کئے جائینگے ٗنجی ہسپتالوں کو پینل میں شامل کرنے کے لیے ایک پروفارما بنایا گیا ہے تاکہ اچھی اور بہتر صحت سہولیات کے حامل ہسپتالوں کو پینل میں شامل کیا جا سکے۔

اس ضمن میں وزیر صحت کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کمیٹی کے ممبران سمیت ایڈیشنل سیکرٹری صحت کلیم اللہ بلوچ، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر طاہر ندیم، ڈی جی ہیلتھ کیئر کمیشن، چیف ہیلتھ سیکٹر ریفازمز یونٹ ڈاکٹر شاہد یونس، پروگرام منیجر ڈاکٹر ریاض تنولی، اسٹیٹ لائف کے حکام اور دیگر افسران نے شرکت کی  اس موقع پر وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے کہا کہ صحت سہولت کارڈ کی اہمیت اور افادیت سے عوام کو آگاہی فراہم کرنے کے لیے لیڈی ہیلتھ ورکرز کی خدمات بھی حاصل کی جا سکتی ہیں جس کے لیے مربوط منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی صحت سہولیات کے حامل پرائیویٹ ہسپتال زیادہ سے زیادہ پینل میں شامل کیے جائیں تاہم اس کے لیے واضح اور شفاف معیار ہونا چاہیے۔