لاہور۔پاکستان ریلوے نے مزید 10مسافر ٹرینیں بحال کردیں جس کے بعد اپ اینڈ ڈاؤن ٹرینوں کی تعداد 40ہوگئی ہے۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ ٹرینوں میں تمام حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں، اسٹیشن کی حدود میں صرف مسافروں کو آنے کی اجازت ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی اجازت کے بعد چند روز میں مزید ٹرینیں چلائیں گے۔چیف کمرشل مینجر ملک محمد فاروق نے کہا کہ ملک بھر میں 40 اپ اینڈ ڈاؤن کی ٹرینوں میں لوگوں کو ریزرویشن کی سہولت میسر ہے ان ٹرینوں میں ریزرویشن دفاتر اور ریلوے اسٹیشنوں پر بکنگ آفس سے مسافروں کو ریزرویشن کی سہولت میسر ہے۔
آن لائن بکنگ کی بھی لوگوں کو سہولت حاصل ہے، ملک بھر کے ڈویژنل کمرشل آفیسرز کو مسافروں کی ریزرویشن کروانے میں ان کی رہنمائی کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ملک محمد فاروق کا کہنا ہے کہ مسافر اسٹیشنوں اور ٹرینوں میں ماسک ضرور پہن کر آئیں، ریل سے سفر کرنے والے حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔ وزیر ریلوے شیخ رشید کی ہدایت پر60 فیصد بکنگ کے ساتھ ٹرینیں چلائی جارہی ہیں، حفاظتی اقدامات کے پیش نظر ٹکٹ ہولڈر کو ہی پلیٹ فارم پر جانے کی اجازت ہے۔
حفاظتی اقدامات کی وجہ سے مسافروں کو لینے اور چھوڑنے آنے والوں کو پلیٹ فارم پر جانے کی اجازت نہیں ہے یکم جون سے اپ اینڈ ڈاؤن کی 10 ٹرینوں شالیمار ایکسپریس، کراچی ایکسپریس، لاہور راولپنڈی کے درمیان رات ساڑھے 12 بجے چلنے والی راول ایکسپریس، پشاور اور کراچی کے درمیان براستہ فیصل آباد چلنے والی سر سید ایکسپریس،ملتان اور کراچی کے درمیان چلنے والی بہاالدین زکریا ایکسپریس شامل ہیں۔