پشاور۔مشیراطلاعات اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں عالمی ادارہ صحت کے گائیڈ لائنز کے مطابق کورونا کے کیسز رپورٹ ہورہے ہیں اور چاہے وہ اموات ہو یا مثبت کیسز پورے اعداد وشمار شفافیت کیساتھ عوام کیساتھ شئیر کئے جارہے ہیں تاکہ عوام اصلی تصویر سے باخبر ہوں خیبر پختونخوا میں ریکوری ریٹ بھی باقی صوبوں کی نسبت زیادہ ہے جو 31 فیصد ہے، سول سیکرٹریٹ اطلاع سیل میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے مشیر اطلاعات نے کہا کہ لاک ڈاون سے پہلے تقریبا صرف دو مہینوں کے دوران مختلف خلیجی ممالک سے 81 ہزار سے زائد مسافر باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے تھے۔اسی طرح تفتان اور طورخم بارڈر کے ذریعے بھی تارکین وطن اپنے ملک لوٹے ہیں جنہیں مختلف قرنطینہ مراکز میں رکھے گئے تھے۔ اجمل وزیر نے کہا کہ کورونا وباء پھیلنے کے فور بعد ہماری ٹسٹنگ استعداد صرف 20 تھی جو اب 2200 سے 2300 تک بڑھا دی گئی ہے، اور یہ تعداد مزید بھی بڑھا دی جائیگی، انہوں نے کہا کہ ترقیافتہ ممالک کا ہیلتھ سسٹم کورونا کے خلاف چوک گیا ہے لیکن ہمارے ڈاکٹر اور طبی عملہ الحمداللہ کم وسائل کے باوجود کورونا کے خلاف کامیابی کیساتھ برسرپیکار ہے، ہمیں اپنی ڈاکٹرز، طبی عملے سمیت تمام فرنٹ لائینرز پر فخر ہے اور پوری قوم انکو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔ گزشتہ دن بھی ہمارے دو مسیحا ڈاکٹر اورنگزیب اور ڈاکٹر اعظم نے قوم پر اپنی جان نچھاور کردی، کورونا کے خلاف ڈاکٹرز اور طبی عملے کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیگی، اجمل وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کورونا کے خلاف تمام صوبوں کو ساتھ ملا کر لیڈ کررہا ہے، قومی رابطہ کمیٹی میں وزیراعظم عمران خان تمام صوبوں سے مشاورت کرکے آگے بڑھ رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں پوری صوبائی حکومت کورونا سے نبردآزما ہیں،اور وہ خود ہسپتالوں اورقرنطینہ مراکز کے دورے کررہے ہیں، وزیراعلیٰ محمود خان کو اپنی جان سے زیادہ اپنے عوام کی جانوں کی فکر ہے، انہوں نے کہا کہ ہمارے وزراء اور چیف سیکرٹری فرنٹ لائن پر کام کرتے ہوئے خود کورونا کے شکار ہوئے ہیں، اووسیز پاکستانیوں کے بارے میں اجمل وزیر نے کہا کہ اپوزیشن کو انکی فکر نہیں کرنا چاہیے وہ وزیراعظم عمران خان کے دل کے سب سے قریب ہے، اجمل وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارا اثاثہ ہیں ان کو مشکل کی اس گھڑی میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ان کے تمام مسائل کا حل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا گزشتہ دنوں میں نے وزیرِ اعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر پشاور ائیر پورٹ کا دورہ کیا تھا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلی کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ سے اوور سیز پاکستانیوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔صوبے کے ہسپتالوں میں فی الحال وینٹی لیٹرز اور بیڈز کی کوئی کمی نہیں ہے جس پر میں نے تفصیلی بات کی تھی۔ اپوزیشن بے جا تنقید سے اجتناب کریں موجودہ وقت سیاست کا نہیں ہے بلکہ سب ملکر کورونا کو شکست دینے کا وقت ہے۔ اجمل وزیر نے عوام سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنائے فی الحال کورونا سے اپنے اور اپنے پیاروں کی جان بچانے کا واحد حل احتیاطی تدابیر اپنانا ہے۔