پشاور۔خیبرپختونخوا بارکونسل نے کورونا وباء کے باعث تاخیر کے شکار تحصیل وڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشنز کے انتخابات 13جون کو کرانے کا اعلان کردیا جبکہ ہائیکورٹ بارایسوسی ایشنز کے انتخابات 4جولائی کو ہوں گے اس بات کا فیصلہ کے پی بارکونسل ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیاجس کی صدار ت چیئرمین شاہد ریاض برکی ایڈوکیٹ نے کی جس میں دیگر امور کے علاوہ خیبرپختونخوا میں بارایسوسی ایشن کے الیکشن برائے سال 2020-21زیرغور لایا گیا۔
اجلاس میں فوت شدہ وکلاء کے ایصال ثواب کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی اور کورونا بیماری میں مبتلاء وکلاء کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی کمیٹی نے خیبرپختونخوا کے تمام تحصیل وضلعی بار ایسوسی ایشن الیکشن برائے 2020-21بقایا مدت کیلئے الیکشن شیڈول جاری کیا اور تمام تحصیل وضلعی بارایسوسی ایشن کے الیکشن 13جون 2020جبکہ پشاورہائیکورٹ بارایسوسی ایشنز کے انتخابات 4جولائی کو کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔
کمیٹی نے تمام بارایسوسی ایشنز کے نامزد کردہ الیکشن بورڈ کو ہدایات جاری کیں کہ 21مارچ سے کورونا لاک ڈاؤن کی وجہ سے جہاں سے ایگزیکٹیو کمیٹی کے حکم پر کام روکا گیا وہی سے اور اسی حالت میں حکومت کے جاری کردہ ایس اوپیز اور احکامات کے مطابق 6جون سے اپنا انتخابی عمل شروع کریں اورنامزد کردہ الیکشن بورڈز مورخہ 13جون کو تحصیل وضلعی بارایسوسی ایشن اور 4جولائی کو ہائیکورٹ بارایسوسی ایشنز کے الیکشن کا انعقاد کریں تاکہ جمہوری عمل پورا ہوسکے اور نئی کابینہ کو بارایسوسی ایشن کے امور سرانجام دینے کا موقع مل سکے۔