پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی میاں جمشید الدین کاکا خیل کورونا کے باعث انتقال کرگئے

خیبرپختونخوا اسمبلی میں حکومتی رکن میاں جمشید الدین کاکاخیل کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے ہیں، میاں جمشید الدین حلقہ پی کے 63 نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رکن اسمبلی منتخب ہوئے تھے وہ تحریک انصاف کی گزشتہ دور حکومت میں محکمہ ایکسائز کے وزیر رہے۔

 
گزشتہ دنوں میاں جمشید الدین کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور انھیں علاج کے لیے اسلام آباد منتقل کیا گیا جہاں وہ گزشتہ روز انتقال کرگئے۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں اب تک 8 ارکان کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں خاتون رکن مدیحہ نثار، کامران بنگش، ڈاکٹر امجد علی، اسمبلی بہادر خان، ضیائ اللہ بنگش، شفیق آفریدی، عنایت اللہ، شامل ہیں جبکہ خیبرپختونخوا سے ارکان قومی اسمبلی میں این اے 41 ضلع باجوڑ سے رکن قومی اسمبلی گل ظفر خان, این اے 50 جنوبی وزیرستان سے ایم این اے علی وزیر, این اے 6 لوئر دیر سے پاکستان تحریک انصاف کے ایم این اے محبوب شاہ بھی کورونا وبا کے متاثر ہوچکے ہیں۔ این اے 45 ضلع کرم سے متحدہ مجلس عمل کے منیر اورکزئی انتقال کرگئے ہیں، ارکان اسمبلی کے ساتھ عوامی نمائندے بھی کورونا وائرس کے باعث بیمار ہوچکے ہیں جن میں بزرگ سیاستدان حاجی غلام احمد بلور، امیر مقام، میاں افتخار حسین شامل ہیں۔