پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات میں مزید پیشرفت

کراچی:  پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات کے دائرہ کارمیں مزید پیش رفت کردی گئی ہے۔  طیارے حادثے کی تحقیقات کے پیش نظرایئرکرافٹ ایکسیڈنٹ اینڈ انویسٹی گیشن بورڈ کے احکامات کی روشنی میں سول ایوی ایشن سے ایئرٹریفک کنٹرولر، فائربریگیڈ سمیت ایمرجنسی میں استعمال ہونے والا تمام ریکارڈ طلب کرلیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اے اے آئی بی نے اپنی تحقیقات کا دوسرا مرحلہ مکمل طورپرٹریفک کنٹرولرزپرمرکوزکردیا، پی کے 8303 کی کپتان اورایئرٹریفک کنٹرولرکے درمیان گفتگوکا ریکارڈ بھی ہنگامی بنیادوں پرمانگا گیا ہے جب کہ حادثے والے روز گراؤنڈ پرموجود شعبہ فائراورمتعلقہ شعبوں کی گفتگوکا ریکارڈ بھی دیا جائے۔

ذرائع کے مطابق بیلی لینڈنگ کے بعد ایمرجنسی رسپانس کے لیے تیارہونے والی گاڑیوں کی تفصیلات بھی فراہم کی جائیں، سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈائریکٹرآپریشن کی جانب سے باضابطہ طورپرخط بھی تحریر کیا گیا ہے،۔ ذرائع کے مطابق تمام عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ اپنا تمام ریکارڈ فوری طور پر تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کریں، تحقیقاتی ٹیم نے ایئرٹریفک کنٹرولرکی لاک بک کا ریکارڈ پہلے ہی طلب کرچکی ہے۔