پشاور میں 2نئے تھانوں اور ایک سرکل کی منظوری

پشاور۔ صوبائی دارالحکومت پشاور میں عوامی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے دو نئے تھانوں اور ایک سرکل کے ساتھ ساتھ 20 تھانوں کی ازسرنو حد بندی کی منظوری دیدی گئی نئے تھانے ”رحمان بابا“ اور ”شاہ پور“کے نام سے قائم کئے گئے یوں پشاور میں تھانوں کی تعداد 35ہوگئی اس ضمن میں گزشتہ روز انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ڈ اکٹر ثناء ا للہ عباسی کی سربراہی میں اجلاس منعقد ہوا جس میں سی سی پی او پشاور محمد علی گنڈا پور سمیت دیگر حکام نے شرکت کی اجلاس میں عوام کی سہولت،امن وامان کی بہتری اور پولیس کی انتظامی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

اس موقع پر سی سی پی او محمد علی گنڈا پور نے پشاور کے دو نئے تھانوں شاہ پور جس میں دوران پور، پخہ غلام، وڈپگہ گلوزئی محمد زئی اور تھانہ رحمان بابا جس میں ہزارخوانی، دیہہ بہادر، گڑھی قمر دین وغیرہ کے علاقے شامل ہیں کے قیام کے ساتھ ساتھ ورسک سرکل جس میں تھانہ متھرا اور تھانہ مچنی گیٹ شامل ہونگے جبکہ 20تھانوں کی از سر نو حد بندی کے حوالے سے جامع پلان پیش کرتے ہوئے کہاکہ ردوبدل پشاور کی بدلتی ابادیاتی صورتحال، مضافاتی علاقوں میں تیزی سے شہری مقامات کے قیام اور طرز جرم میں نت نئی تبدیلیوں کے پیش نظر کیا جا رہا ہے۔

 بریفنگ کی روشنی میں انسپکٹر جنرل آف پولیس نے پشاور میں مزید دو نئے تھانوں شاپور اور تھانہ رحمان بابا کے قیام کے ساتھ ساتھ ورسک سرکل کے قیام کی بھی منظوری دی واضح رہے کہ تھانہ شاہ پور میں چمکنی اور پہاڑی پورہ کے علاقے شامل کئے گئے جبکہ تھانہ رحمان بابا کیلئے بھانہ ماڑی اور یکہ توت سے علاقے لئے گئے اسی طرح ڈیفنس ٗ شامی روڈ کو مچنی گیٹ سے الگ کرکے شرقی ٗ حسن گڑھی کو مچنی گیٹ سے الگ کر کے فقیر آباد اور پیر بالا کو متھرا سے الگ کرکے مچنی گیٹ کی حدود میں شامل کیا گیا ہے میٹنگ میں بتایا گیا کہ نئے تھانوں کے قیام سے علاقہ میں جرائم کی شرح میں مزید کمی واقع ہوگی جبکہ شہری بھی دور دراز تھانوں کے چکروں سے آزاد ہو جائیں گے۔ اس موقع پر عوامی سہولت کی خاطر پشاور کے متعداد تھانوں کی از سر نو حد بندی کی بھی منظوری دی گئی جس کی وجہ سے شہریوں کو مزید آسانی رہے گی۔