دورہ انگلینڈ میں کرکٹرز کی فیملیز ساتھ نہیں ہوں گی جب کہ حارث سہیل کی دستبرداری کا اہم سبب یہی بنا۔
عموماً بیشتر غیر ملکی دوروں خصوصاً انگلینڈ میں قومی کرکٹرز اہلیہ اور بچوں کو ساتھ لے کر جاتے ہیں مگر اس بار ایسا نہیں ہو سکے گا، پی سی بی نے بھی اس کی تصدیق کر دی ہے، بائیوسیکیور ماحول میں صرف کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف ارکان ہی رہ سکیں گے،اگر کوئی کھلاڑی چاہے تو فیملیز انگلینڈ جا سکتی ہیں مگر پورے ٹور میں ملاقات کیلئے جانے یا اپنے پاس بلانے کی اجازت نہیں مل پائے گی، یوں اہل خانہ کے لیے دورے کاکوئی فائدہ نہیں ہوگا، کھلاڑی خود بھی کورونا وائرس کی وجہ سے انھیں سفر کرانے کے حق میں نہیں ہیں۔
حارث سہیل کے دورئہ انگلینڈ سے دستبرداری کی ایک بڑی وجہ بھی اہلیہ کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہ ملنا بنی، یاد رہے کہ 2015 میں انھوں نے نیوزی لینڈ کے ٹیم ہوٹل روم میں بھوتوں کی موجودگی کا کہا تھا، اس کے بعد سے وہ اکیلے قیام سے خوفزدہ رہتے ہیں، پی سی بی نے انھیں اہلیہ کو ساتھ رکھنے کی اجازت دی ہوئی تھی، وہ ہر ٹور میں ایسا کرتے تھے مگر انگلینڈ میں اب حالات مختلف ہونے کی وجہ سے دستبرداری کا فیصلہ کرنا پڑا۔