ایس او پیز کی خلاف ورزی؛ پی سی بی نے 3 کرکٹرز کی سرزنش کردی

 پی سی بی نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے 3کرکٹرز کی سرزنش کردی جب کہ مقامی اکیڈمی میں پریکٹس کرنے والے بابر اعظم، امام الحق اور نسیم شاہ کو وارننگ جاری کرتے ہوئے آئندہ محتاط رہنے کا کہا گیا ہے۔

قومی ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے ساتھ امام الحق اور نسیم شاہ بھی چند روز قبل ایل سی سی اے گراﺅنڈ میں واقع عبدالقادر اکیڈمی میں پریکٹس کرتے پائے گئے تھے،اس سے قبل پشاور میں بھی 4 کرکٹرز کی گراﺅنڈ میں تصاویر منظر عام پر آئی تھی۔

بابر اعظم و دیگر کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ ایک طرف نیشنل کرکٹ اکیڈمی اور قذافی اسٹیڈیم میں مناسب حفاظتی انتظامات ممکن نہ ہونے کی وجہ سے دورئہ انگلینڈ کیلیے تربیتی کیمپ نہیں لگایا جا رہا، حکام سخت احتیاطی تدابیر پر زور دے رہے ہیں، پی سی بی کے دفاتر بھی بند ہیں، دوسری جانب کھلاڑی گھروں سے نکل کر ایل سی سی اے گراﺅنڈ میں کھیل کر ایس او پیز کی دھجیاں اڑانے لگے۔
ذرائع کے مطابق تینوں کرکٹرز کو وارننگ دیتے ہوئے ہدایت کی گئی کہ صرف گھر پر ہی ٹریننگ کا سلسلہ جاری رکھیں، آئندہ کسی میدان میں بیٹنگ یا باﺅلنگ پریکٹس کا خطرہ مول نہ لیں۔

پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی نے تصدیق کی کہ کھلاڑیوں کو وارننگ دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کے حوالے سے پی سی بی نے اپنی پالیسی اس پریس ریلیز میں ہی جاری کر دی تھی جس میں قومی ٹیم کا پاکستان میں تربیتی کیمپ نہ لگانے کا اعلان کیا گیا۔

بورڈ نے اعلامیے میں تمام کرکٹرز کو خبردار کیا تھا کہ وہ موجودہ حالات میں کرکٹ گراﺅنڈز میں ٹریننگ نہ کریں، سماجی فاصلوں کے پروٹوکولز پر سختی سے عملدرا?مد کریں، یہ ہدایات ان کے اورفیملی کی بہتری کیلیے ہی ہیں۔