دورہ انگلینڈ سے قبل کورونا پازیٹو یا نیگیٹو کی اعصاب شکن کشمکش کا فیصلہ کن راﺅنڈآج ہوگا،منفی ٹیسٹ والے کرکٹرزدوسری بار بھی یہی نتیجہ برقرار رہنے کیلئے فکر مند ہیں، دوبارہ جانچ کرانے والے10 وائرس زدہ کھلاڑی نجات پانے کیلئے پر امید ہوں گے، ریزرو کے دلوں کی دھڑکنیں بھی تیز ہیں،تمام رپورٹس ہفتے کو منظرعام پر لائی جائیں گی، حکومتی پالیسی کے پیش نظر ایک منفی ٹیسٹ پر کلیئرنس دیے جانے کا امکان ہے، 10 کرکٹرز میں سے کسی کا نتیجہ منفی آیا تو اتوار کو چارٹرڈ طیارے میں سوار ہوسکے گا۔ دوسری جانب ہوٹل میں موجود کھلاڑیوں نے اہل خانہ سے ویڈیو کال پر بات کی، پی سی بی کے اینٹی کرپشن آفیسر نے لیکچر بھی دیا، میڈیا منیجرنے سوشل میڈیا کی پالیسی سے آگاہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب قومی کرکٹرز اور معاون سٹاف کی پہلی کورونا ٹیسٹنگ کے نتائج پیر اور منگل کو وصول ہوئے تو پی سی بی کے ایوانوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی،مجموعی طور پر10کرکٹرز اور مساجر کے وائرس کا شکار ہونے کی تصدیق ہوئی، بورڈ نے متاثرہ کھلاڑیوں کو گھروں میں ہی قرنطینہ کرنے کی ہدایت کردی، نیگیٹو 18 کرکٹرز اور سپورٹ اسٹاف کے 11 ارکان نے لاہور کے ایک فائیو سٹار ہوٹل میں رپورٹ کی، طریقہ کار کے مطابق بائیو سیکیور ماحول میں موجود کرکٹرز کی دوسری ٹیسٹنگ جمعرات کو ہوئی، 5 ریزرو کھلاڑیوں کے سیمپلز بھی لیے گئے، پازیٹو 10 کرکٹرز کی دوبارہ ٹیسٹنگ بھی گذشتہ روز مکمل کرلی گئی
شاداب خان، حارث رﺅف، حیدر علی، محمد رضوان، فخر زمان، عمران خان سینئر، محمدحفیظ، وہاب ریاض، محمد حسنین اور کاشف بھٹی کے ساتھ مساجر ملنگ علی نے بھی نتیجہ نیگیٹو آنے کی امید پر سیمپلز دئیے، تمام کھلاڑیوں کی رپورٹس ہفتے کو سامنے آجائیں گی جس کے بعد سکواڈ کا فیصلہ ہوگا جو اتوار کو بذریعہ چارٹرڈ طیارہ انگلینڈ کے لیے اڑان بھرے گا،کلیئرنس نہ پانے والوں کو ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آنے کا انتظار کرنا ہوگا، بعد میں کون جائے گا اور کون کورونا کو ہلکا لینے کی غلطی پر پچھتائے گااس کا فیصلہ ٹیم مینجمنٹ کرے گی۔