لبنان کے دارالحکومت بیروت میں گزشتہ روز ہونے والے ہولناک دھماکے پر جہاں پوری دنیا افسوس کا اظہار کررہی ہے وہیں پاکستانی اور ترک اداکاروں نے بھی اس واقعے پر نہایت غم کا اظہار کیا ہے۔
اداکار ہمایوں سعید نے دھماکے کے بعد بیروت کی تباہی کے مناظر کی دلخراش تصویر شیئر کرتے ہوئے بیروت اور وہاں کے لوگوں کے لیے دعا کی اور خدا سے سب کو حفظ و امان میں رکھنے کی بھی دعا کی۔
اداکارہ مہوش حیات نے بھی بیروت واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا بیروت سے آنے والی تصاویر بہت ہی تباہ کن ہیں۔ میرا دل اور دعائیں حادثے میں متاثر ہونے والوں کے ساتھ ہیں۔
ڈراما سیریل ’ارطغرل غازی‘ کے مرکزی اداکار اینگن التان دزیاتن نے بھی بیروت واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور متاثرین کے لیے دعا کی۔
حلیمہ سلطان کے کردار سے مشہور ہونے والی ترک اداکارہ اسرا بلجک نےبیروت واقعے پر کہا کہ وہ صدمے میں ہیں ان کے پاس کہنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں۔ اپنے ٹوئٹ میں اسرا بلجک نے بیروت دھماکے کے متاثرین سے اظہارتعزیت بھی کیا۔
اداکار فیصل قریشی نے بیروت میں ہونے والے خوفناک حادثے پر اظہار افسوس کیا اور متاثرین کے لیے دعا کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بیروت کی بندرگاہ کے علاقے میں ہولناک دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں گردو نواح کے علاقے لرز اٹھے تھے اور شہر کے مختلف علاقوں کی عمارتیں اور گاڑیاں تباہ ہوگئی تھیں۔ دھماکے میں اب تک 78 افراد کی ہلاکتوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جب کہ 4 ہزار سے زائد افراد زخمی ہیں۔