پشاور گوگل نے اپنی فائلز ایپ میں ’’سیف فولڈر“ کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے‘ جس کی مدد سے فائلز صارفین اپنے ڈیٹا کو مزید محفوظ کر سکیں گے۔ فائلز ایپ کے اس وقت دنیا بھر میں 15 کروڑ سے زیادہ استعمال کنندگان ہیں اور دسمبر 2017ء میں متعارف کرائے جانے کے وقت سے اب تک اس فائلز میں صارفین کی ایک کھرب فائلوں کو حذف کیا جا چکا ہے۔ گوگل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق شروع میں ”سیف فولڈر“ کا فیچر 20 لاکھ استعمال کنندگان کو دستیاب ہوگا اور پھر آئندہ چند ہفتوں کے دوران بتدریج اس فیچر کو دوسرے صارفین کیلئے بھی متعارف کرایا جائے گا۔
”سیف فولڈر“ فیچر کو چار اعداد پر مشتمل پن کوڈ کی مدد سے استعمال کیا جا سکے گا‘ جو لوگوں کو باآسانی اپنی اہم دستاویزات‘ تصاویر‘ ویڈیوز اور آڈیو فائلز سٹور کرنے کے قابل بناتا ہے اور صارفین کی ذاتی فائلز کو دیگر افراد کے ذریعے کھولنے یا ان تک رسائی سے بھی ایپ کو محفوظ رکھتا ہے۔ گوگل کے مطابق یہ فیچر استعمال کنندگان کو اپنے روابط کے سکرین شاٹ یا سکرین ریکارڈنگ لینے سے بھی باز رکھتا ہے‘ جیسے ہی صارف ایپ سے باہر جائے گا ایپ فوری طور پر لاک ہو جائے گی اور دوبارہ داخلے کی صورت میں ایک مرتبہ پھر پن کوڈ دیا جائے گا۔ فائلز کو ابتدا میں ایسے لوگوں کیلئے تخلیق کیا گیا تھا جن کے فون میں سٹوریج کی گنجائش کم ہو اور ایسے افراد کی اکثریت پاکستان‘ بھارت‘ نائجیریا اور برازیل جیسے ممالک میں رہتی ہے‘ سیف فولڈر فیچر ان ممالک کے لوگوں کیلئے بھی تخلیق کیا گیا ہے جو وقتاً فوقتاً اپنی ڈیوائس دوستوں اور گھر کے افرادکو استعمال کیلئے دیتے رہتے ہیں۔
خیال رہے کہ حال ہی میں گوگل نے اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کو گوگل ون کلاؤڈ سٹوریج کے کچھ فیچرز تک مفت رسائی بھی دی تھی۔ اس فیچر میں 15 جی بی سٹوریج گوگل اکاؤنٹس کے ذریعے صارفین کو ملتی ہے تو فون کے خراب ہونے یا گم ہونے پر بھی تمام تفصیلات کلاؤڈ سروس میں محفوظ رہتی ہے۔ آسان الفاظ میں صارفین کو گوگل کی جانب سے اس سروس کے تحت 15 جی بی سٹوریج مفت دی گئی تھی۔ علاوہ ازیں حال ہی میں گوگل نے اپنی ویڈیو کالنگ ایپ گوگل میٹ کو بھی صارفین کیلئے مفت فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اب گوگل میٹ کو وہ تمام افراد مفت استعمال کرسکیں گے جن کا جی میل اکاؤنٹ ہوگا۔