مایا علی کی 3 سال بعد چھوٹی سکرین پر واپسی

پشاور۔ پاکستان ٹی وی اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ مایا علی نے جلد چھوٹی سکرین پر واپسی کا اعلان کردیا۔ فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے نئے ڈرامے ”پہلی سی محبت“ کے سکرپٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے یہ اعلان کیا۔ انہوں نے چھوٹی سکرین پر واپسی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے ڈائریکٹر انجم شہزاد کے ساتھ ڈرامہ سائن کر لیا ہے۔
 
مایا نے کہا کہ وہ اپنے نئے پراجیکٹ کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ اس پراجیکٹ کو آئی ڈریم پروڈیوس کر رہا ہے جسے نجی چینل پر نشر کیا جائے گا۔ یاد رہے کہ مایا علی کا آخری ڈرامہ ”صنم“ تھا جو 2017ء میں نجی چینل پر نشر کیا گیا تھا۔ اس سے قبل اداکارہ نے اپنی ایک پوسٹ میں بتایا تھا کہ گزشتہ ماہ اْن کی زندگی میں بہت کچھ حیرت انگیز بالکل غیر اتفاقی طور پر ہوا۔

 انہوں نے لکھا کہ گزشتہ ماہ کے دوران پیش آنے والی زندگی میں بہت سی مشکلات کا سامنا بھرپورطریقے سے حل کرنے کی کوشش کی۔ اداکارہ نے کہا کہ اس عرصے میں زندگی نے انہیں بہت کچھ سکھایا اور بہت سے چیلنجز کا مقابلہ کرنے اور انہیں قبول کرنے کا حوصلہ ملا۔ مایا علی نے کہا کہ میں ان تمام لوگوں کی شکرگزار ہوں جو میرے ساتھ اس مشکل کے وقت کھڑے تھے اور جنہوں نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا۔