چین دنیا کا پہلا 2 نشستوں والا اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ بنانے کی منصوبہ بندی کررہا ہے۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق چین اپنے جدید ترین اسٹیلتھ لڑاکا طیارے جے 20 پر مبنی 2 نشستوں والے طیارے کی تیاری پر کام کررہا ہے۔
جے 2 تیار کرنے والے چینگدو ایئرکرافٹ ڈیزائن انسٹیٹوٹ (سی اے ڈی آئی) کے ماہرین دنیا کے پہلے ایسے اسٹیلتھ طیارے کی تیاری پر کام کررہے ہیں، جس میں 2 پائلٹ سفر کرسکیں گے، جبکہ یہ پہلے سے زیادہ جدید بھی ہوگا۔
اس طیارے کا خاکہ بھی سامنے آیا ہے اور بتایا گیا کہ یہ ایک چھوٹے، ارلی وارننگ جنگی طیارے کا کام کرے گا۔
اس میں نشستیں پہلو بہ پہلو ہوں گی اور اس سے دونوں پائلٹس کو بات چیت میں آسانی کے ساتھ معلومات موثر طریقے سے شیئر کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق یہ نیا طیارہ ہوا سے ہوا میں مار کرنے والے ہتھیاروں سے لیس ہوگا مگر اسے بمبار کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ یہ ایک حقیقی بمبار طیارہ نہیں ہوگا، اس کی اسٹیلتھ اور تیزرفتاری کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہوگا کہ میزائلوں کی بجائے صرف ہوا سے ہوا پر مار کرنے والے ہلکے بموں کو ترجیح دی جائے۔
ہوا سے زمین اور ہوا سے سمندر پر مار کرنے والے بھاری میزائلوں کو طیارے کے پروں میں نصب کیا جاتا ہے جس سے اسٹیلتھ صلاحیت کافی متاثر ہوتی ہے۔