متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور اسرائیل کے درمیان ہونے والے تعلقات قائم کرنے کے معاہدے کے بعد متحدہ عرب امارات سے اسرائیل کال کرنے کے لیے ٹیلی فون لائنز کا رابطہ شروع ہوگیا ہے۔
اتوار سے قائم ہونے والی ٹیلی فون لائنز کے حوالے سے سرکاری طور پر کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔
معاہدے سے قبل متحدہ عرب امارات سے اسرائیل ٹیلی فون کال کرنے کی سہولت موجود نہیں تھی۔
اسرائیل اور متحدہ عرب امارات کے درمیان جمعرات کے روز امریکہ کے تعاون سے ایک معاہدہ طے پایا تھا جس کے مطابق دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ سفارتی تعلقات کی مکمل بحالی کے علاوہ تجارت اور دفاع سمیت دیگر شعبوں میں تعلقات کو بھی فروغ دیں گے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں بلاک کی گئی متعدد اسرائیلی ویب سائٹس تک رسائی بھی بحال کی گئی ہے۔
سوشل میڈیا پر ایک ٹوئٹ میں اسرائیل کے وزیرِ مواصلات یوز ہینڈل کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانے کے لیے یہ اقدام اہم ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ اس اقدام پر متحدہ عرب امارات کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
یوز ہینڈل کے بقول اب دونوں ممالک کے درمیان معاشی مواقع پیدا ہوں گے۔
ان کے بقول اعتماد سازی کے یہ اقدامات دونوں ممالک کے مفادات کو آگے بڑھانے کے لیے اہم ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی دو بڑی ٹیلی کام کمپنیوں کی طرف سے بھی اس اقدام سے متعلق کوئی مؤقف سامنے نہیں آیا۔