افغانستان،جھڑپوں کے دوران 21طالبان عسکریت پسند ہلاک

 

کابل۔افغانستان کی سپیشل فورسز کی کمانڈ نے تصدیق کی ہے کہ افغانستان کے 2صوبوں میں کم از کم 21طالبان عسکریت پسند ہلاک جبکہ 7 دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔افغان قومی فوج کی خصوصی آپریشن کور نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ مغربی صوبہ بادغیس کے ضلع قدیس کے گاؤں کارچاغی میں زمینی افواج کی مدد کیلئے کئے گئے فضائی حملے میں 12عسکریت پسند ہلاک جبکہ1 زخمی ہوگیا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ فضائی حملے میں مقامی دیہاتیوں یا سکیورٹی فورسز کو نقصان نہیں پہنچا۔مشرقی صوبہ غزنی کے ضلع آندر کے علاقہ چہار دیوار میں سکیورٹی فورسز کی جانب سے طالبان عسکریت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے کے نتیجے میں 9طالبان عسکریت پسند ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے، مذکورہ عسکریت پسند علاقے میں سکیورٹی چوکی پر حملہ کرنے کی تیاری کررہے تھے۔طالبان نے ان اطلاعات پر تاحال کوئی بیان جاری نہیں کیا۔