ڈونلڈ ٹرمپ کے بھائی رابرٹ ٹرمپ انتقال کر گئے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سب سے چھوٹے بھائی اور ’قریب ترین ساتھی‘ رابرٹ ٹرمپ کی وفات کے بعد انھیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ رابرٹ ٹرمپ 71 سال کی عمر میں انتقال کر گئے.

صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’میں انتہائی غم کے ساتھ اطلاع دے رہا ہوں کہ گذشتہ شب میرا بھائی رابرٹ انتقال کر گیا ہے۔‘

گذشتہ روز صدر ٹرمپ نیویارک میں اپنے بھائی کی عیادت کے لیے ہسپتال بھی گئے تھے۔ اس موقعے پر انھوں نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ان کے بھائی کو مشکل پیش آ رہی تھی۔

اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ رابرٹ ٹرمپ کے انتقال کی کیا وجہ بنی۔ امریکی میڈیا کے مطابق وہ کافی عرصے سے شدید بیمار تھے۔ نیویارک پوسٹ کے مطابق وہ جون میں بھی ایک ہفتے کے لیے ہسپتال میں داخل رہے تھے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ’وہ نہ صرف میرا بھائی تھا بلکہ میرا بہترین دوست بھی تھا۔ وہ میرے دل میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔‘

صدر ٹرمپ کے بیٹے ایرک نے بھی اپنے چچا کو ایک ’بہترین انسان۔۔۔ مضبوط، رحم دل، اور انتہائی وفادار‘ قرار دیا۔ انھوں نے ٹوئٹر پر کہا کہ ’ہماری پوری فیملی انھیں یاد کرے گی۔‘

رابرٹ ٹرمپ فریڈ اور میری ٹرمپ کے پانچ بچوں میں سب سے چھوٹے تھے اور اپنے بھائی ڈونلڈ کے دو سال بعد پیدا ہوئے تھے۔

ان کے سب سے بڑے بھائی فریڈ جونیئر 1981 میں انتقال کر گئے تھے۔
رابرٹ ٹرمپ نے اپنا بیشتر کیریئر اپنے خاندان کے ریئل اسٹیٹ کے کاروبار میں گزارا اور نیویارک میں وہ کافی کامیاب رہے۔

تاہم اپنے بھائی کے برعکس انھیں شہرت کا شوق نہیں تھا اور وہ نیویارک میں اب تقریباً ریٹائرڈ زندگی گزار رہے تھے۔

حال ہی میں رابرٹ ٹرمپ نے عدالت سے اس وقت رجوع کیا تھا جب انھوں نے اپنی بھتیجی میری ٹرمپ کی کتاب کی اشاعت روکنے کی کوشش کی تھی۔