اوکی ناوا: جاپان میں سڑکوں پر سونے کا رحجان تیزی سے پروان چڑھ رہا ہے۔ اسے مقامی زبان میں ’روجو نے‘ یعنی سڑک پر سونے کا عمل کہا جاتا ہے۔
آپ رات کو تھکے ہارے کار ڈرائیو کرکے اپنے گھر لوٹ رہے ہیں، یکایک سڑک کے عین درمیان آپ کو کوئی شخص بے خبر سوتا دکھائی دیتا ہے جس کے بعد کار کو فوری طور پر بریک لگانے پڑتےہیں۔ یہ مناظر صوبے اوکی ناوا میں عام ہیں اور صرف 2019 میں ایسے 7000 واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس دوران سڑک پرسونے والے کئی افراد جان سے بھی گئے ہیں۔ لیکن لاکھ کوشش کے باوجود صورتحال بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے۔
ایک پولیس افسر نے بتایا کہ ایسے واقعات صرف اوکی ناوا میں زیادہ رونما ہوتے ہیں۔
لیکن لوگوں کی اتنی بڑی تعداد سڑکوں پر کیوں سورہی ہے؟ اس کا جواب ہے کہ لوگ کثرت سے شراب نوشی کرکے اتنے بے سدھ ہوجاتے ہیں کہ وہ فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر ہی ڈھیر ہوجاتے ہیں۔ لیکن بعض افراد نے یہاں کے موسم کو بھی اس کا ذمے دار ٹھہرایا ہے کیونکہ گرمی اور حبس بھی عوام کو نڈھال کررہا ہے۔
لیکن مصروف شاہراہ پر اس طرح سونا اپنی موت کو دعوت دینا ہے۔ گزشتہ برس ایسے 16 حادثات ریکارڈ پر ہیں جن میں تین افراد لقمہ اجل بنے تھے۔
مقامی رپورٹ کے مطابق بعض خواتین و حضرات شراب نوشی کے بعد سڑک پر برہنہ ہوجاتے ہیں کیونکہ وہ خود کو اپنے گھر میں سمجھتے ہیں۔ بعض افراد ٹھنڈی سڑک پر خود کو سستانے کےلیے لیٹ جاتے ہیں۔ بسا اوقات انہیں اٹھانا مشکل ہوجاتا ہے کیونکہ شراب کے زیرِ اثر وہ جھگڑنے لگتے ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے وہ کار کی ساری روشنیاں کھلی رکھیں اور ایسا واقعہ دیکھتے ہیں پولیس کو اطلاع دیں۔ دوسری جانب انتظامیہ نے ریڈیو اور ٹی وی پر سڑک پر سونے کے عمل کو روکنے کے لیے مہم کا اغاز کیا ہے اور 500 ڈالر تک جرمانے کا اعلان بھی کیا ہے۔