بھارت میں 50انڈے ایک ہی بار کھانے کی کوشش کرنیوالا شخص جان گنوا بیٹھا


 


نئی دہلی۔بھارت کی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والے 42 سالہ ایک شخص نے اپنے ایک دوست کے ساتھ ایک ہی بار میں 50 انڈے کھانے کی شرط لگائی۔ یہ شخص اس احمقانہ شرط کو پورا کرتے ہوئے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔


 شبھاش یادیو اور اْن کے دوست جونپور ضلع کی بی بی گنج مارکیٹ میں بیٹھے تھے۔ اسی دوران کسی مسئلے پر بحث کرتے ہوئے سبھاش نے اپنے دوست سے 2000 بھارتی روپے (28 ڈالر) کی شرط لگائی کہ وہ ابھی اور اسی وقت ایک ہی بار میں ابلے ہوئے 50 انڈے کھا سکتے ہیں۔سبھاش کے دوست نے شرط قبول کر لی۔


 انہوں نے ایک چھابڑی والے سے انڈے خریدے اور سبھاش ایک ایک کر کے انڈے کھانے لگے۔سب کچھ ٹھیک جا رہا تھا۔ انڈے کھاتے ہوئے سبھاش بھی کافی خوش دکھائی دے رہے تھے لیکن جیسے انہوں نے 42 واں انڈا اپنے منہ میں رکھا، وہ اچانک نیچے گرا اور بے ہوش ہو گیا۔

مقامی افراد نے سبھاش کو فوراً ہسپتال پہنچایا لیکن ڈاکٹروں کی بہت کوشش کے باوجود انہیں ہوش نہیں آیا اور ڈاکٹروں نے کچھ دیر بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔


ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ سبھاش کی موت زیادہ کھانے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ عام طور پر زیادہ کھانے کے چیلنج اس سے بہت زیادہ خطرناک ہوتے ہیں، جتنا لوگ اسے سوچتے ہیں۔ 3 پاؤنڈ وزن کے انڈوں کو کھانے کے بعد اوسط انسان کا معدہ جواب دے سکتا ہے۔ اتنے انڈے ہضم کرنا معدے کے بس سے باہر ہو جاتا ہے یا معدے کو اس کے لئے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔