خوشبو جمع کرنے کی ماہر، خوبصورت نگینہ مکھی

 

اس مکھی کو غور سے دیکھئے کہ یہ اپنے روشن سبز، نیلے اور سنہرے رنگوں کی وجہ سے دھات کی بنی ہوئی چمکدار شے دکھائی دیتی ہے۔ اسے نگینہ مکھی یا چمن (آرکڈ) مکھی بھی کہا جاتا ہے اور انگریزی میں اس کا نام یوگلوسینیس بھی ہے۔

یہ فصلوں کو بہت اچھی طرح بارآور کرتی ہیں لیکن اپنے خوبصورت رنگوں اور دلکشی کی وجہ سے انہیں کرہِ ارض پر سب سے دیدہ زیب کیڑوں میں شمار کیا جاتا ہے۔


 
حیرت انگیز بات یہ ہے کہ یہ شہد نہیں بناتی، چھتہ بھی تعمیر نہیں کرتی بلکہ الگ الگ رہتی ہیں۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس مکھی کے نر طرح طرح کے پھولوں کی خوشبو جمع کرتے ہیں انہیں ملا کر نئی خوشبوئیں بنا کر اپنی مادہ کو راغب کرتے ہیں!


مکھی کی اس قسم کی بھی 200 انواع موجود ہیں۔ ان کی بڑی تعداد شمالی میکسکو سےجنوب مشرقی برازیل میں دیکھی جاسکتی ہے۔

چمن مکھیوں کی زبان بہت لمبی ہوتی ہے اور بسا اوقات وہ کھل کر ان کی جسامت کے دوگنا ہوجاتی ہے۔ اس کی بدولت وہ زردانے اور پھولوں کا رس جمع کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ وہ نایاب اور خطرے سے دوچار پودوں کے زردانے بکھیرتی ہیں اور انہیں پروان چڑھانےمیں مدد دیتی ہے۔

 

اپنی زندگی کے تین سے پانچ ماہ کے دور میں نر اپنا وقت خوشبو جمع کرنے میں گزارتا ہے اور خود سے کئی خوشبوئیں بناتا ہے۔ اگر کاغذ کا کوئی خوشبودار ٹکڑا کہیں پڑا ہو تب بھی نر اس کی خوشبو چرالیتا ہے۔ اس کی پچھلی ٹانگ پر قدرتی طور پر جیبیں بنی ہوتی ہیں جن میں وہ خوشبو جمع کرتا رہتا ہے۔


اس عمل میں کئی خوشبوؤں کو ملاکر نئی اور تیز خوشبو بنانا کوئی آسان کام نہیں ۔ یہی وجہ ہے کہ مادہ چمن مکھی صرف ایک خوشبو پر دل نہیں دیتی ۔ اگرکئی اقسام کی خوشبوؤں سے کوئی اچھا پرفیوم بنا ہو تبھی وہ اس نر سے بات کرتی ہے۔