آسٹریلیا میں ایک عدد ’’بلبلہ گھر‘‘ برائے فروخت ہے جس کی ابتدائی قیمت ’صرف‘ دس لاکھ آسٹریلین ڈالر (12 کروڑ پاکستانی روپے) رکھی گئی ہے۔ اپنے پورے احاطے سمیت، یہ پورا گھر کئی ایکڑ پر پھیلا ہوا ہے اس لیے یہ کوئی برا سودا نہیں۔
خاص بات یہ ہے کہ اس میں مرکزی عمارت کا ہر حصہ اور ہر کمرہ ایک بلبلے کی شکل میں، بالکل گول بنایا گیا ہے۔ دور سے دیکھنے پر ایسا لگتا ہے جیسے بہت سارے دیوقامت انڈے ایک ساتھ زمین پر رکھ دیئے گئے ہوں۔
انڈوں کی گولائی اتنی مکمل ہے کہ ان میں نصب کھڑکیاں دیکھ کر گمان ہوتا ہے جیسے آنکھ کی بہت بڑی بڑی پتلیاں ہوں۔
اس گھر میں کُل 11 کمرے ہیں اور ہر کمرے کو بالکل گول بلبلے جیسی شکل دی گئی ہے جبکہ کمروں کی چوڑائی 13 فٹ سے 26 فٹ تک ہے جس کا انحصار کمروں کے استعمال پر ہے۔
آسٹریلیا کے صوبے کوینزلینڈ کے علاقے اپس وک میں موجود یہ ’’بلبلہ گھر‘‘ آسٹریلیا کے مشہور ماہرِ تعمیرات گراہم بریچل نے ڈیزائن اور تعمیر کیا ہے۔
انہیں اس عجیب و غریب ساخت والا گھر بنانے کا خیال مریخ کےلیے تصوراتی انسانی کالونیوں کے ڈیزائن دیکھ کر آیا، جبکہ اپنے ڈیزائن کو حتمی شکل دینے کےلیے انہوں نے امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’’ناسا‘‘ سے بھی رہنمائی حاصل کی۔