ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرلیا 

 

ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی آئندہ صدارتی انتخاب میں کامیاب ہونے کی صورت میں ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرلیا۔

نو مبر میں ہونے والے امریکی صدارتی انتخاب میں ری پبلکن پارٹی نے ڈونلڈ ٹرمپ کی دوسری مدت کے لیے صدارتی امیدوار کی نامزدگی منظور کرلی ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے نئی مدت کے اہداف بھی جاری کردیے گئے ہیں اور انہوں نے وعدہ کیا ہے کہ وہ دوبارہ منتخب ہوکر  پہلے 10 ماہ میں ایک کروڑ نوکریاں فراہم کریں گے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے وعدہ کیا ہے کہ وہ امریکی شہریوں کے لیے 10 لاکھ نئے اور چھوٹے کاروبار کے مواقع فراہم کریں گے۔

ٹرمپ کے انتخابی وعدوں میں ٹیکس کی چھوٹ سمیت امریکا میں روزگار کو محفوظ کرنے کے وعدے کیے گئے ہیں۔

ان کے انتخابی وعدوں میں  اسی سال کورونا ویکسین کی تیاری اوراگلے سال زندگی کو معمول پر واپس لانا بھی شامل ہے۔

جنگوں کے حوالے سے انہوں نے اس بار بھی وعدہ کیا ہے کہ وہ منتخب ہو کر امریکا سے باہر جاری جنگوں کا خاتمہ کریں گے اور امریکی  فوجیوں کو وطن واپس لائیں گے۔

ٹرمپ کی پالیسی میں چین پر انحصار ختم کرنے سمیت وعدہ کیا گیا ہے کہ غیر ملکی سستی لیبر کو امریکی ملازمین  پر ترجیح نہیں دی جائے گی۔

خیال رہے کہ امریکا میں 3 نومبر کو صدارتی انتخاب ہونے جا رہا ہے جس میں صدر ٹرمپ کے مد مقابل ڈیموکریٹک پارٹی کے جو بائیڈن ہیں۔

امریکا میں کورونا وباسے بہتر طریقے سے  نہ نمٹنے  اور بے روزگاری کی شرح میں اضافے کے بعد جو بائیڈن کو ابتدائی سرویز میں صدر ٹرمپ پر برتری حاصل ہے۔