ایران خفیہ جوہری تنصیبات تک اقوام متحدہ کو رسائی دینے کیلئے تیارہوگیا 

 

تہران۔ایران نے اقوام متحدہ کے ادارے انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی(آئی اے ای اے)کے ساتھ ایک ماہ کی کشمکش کے بعد 2 سابقہ خفیہ ایٹمی تنصیبات تک رسائی دینے پر اتفاق کرلیا۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین کے درمیان معاہدہ آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی کے دورہ تہران کے دوران اعلی سطح کے مذاکرات کے نتیجے میں ہوا۔

رافیل گروسی اور ایرانی جوہری ایجنسی کے سربراہ علی اکبر صالحی نے مشترکہ بیان میں کہا کہ 'ایران رضاکارانہ طور پر آئی اے ای اے کو ان کی جانب سے بتائے گئے 2 مقامات تک رسائی دے گا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ 'آئی اے ای اے کو رسائی دینے کے لیے تاریخوں اور مصدقہ سرگرمیوں پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔

آئی اے ای اے نے کہا کہ بدلے میں ایران سے اس سے متعلق کوئی سوال نہیں پوچھا جائے گا۔

خیال رہے کہ آئی اے ای اے نے تہران اور اصفہان میں تنصیبات تک رسائی کی مہینوں تک کوشش کی، جس کے بارے میں ایران پر الزام تھا کہ وہاں غیر اعلامیہ جوہری مواد رکھا ہوا ہے اور استعمال ہو رہا ہے۔