لداخ: لداخ میں جاری کشیدگی میں ایک دل چسپ صورت حال اس وقت پیدا ہوئی جب بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ دعویٰ سامنے آیا ہے کہ چین بھارت کے فوجیوں کی توجہ ہٹانے کے لیے سرحد پر لاؤڈ اسپیکر میں پنجابی گانے بجارہا ہے۔
بھارتی خبر رساں ادارے نے دعویٰ کیا ہے کہ پینگانگ جھیل کے نزدیک علاقے میں چین نے لائن آف ایکچوئل کنٹرول (ایل اے سی) کے ساتھ بڑے بڑے لاؤڈ اسپیکر لگا دیے ہیں اور بھارتی فوجیوں کی توجہ ہٹانے کے لیے ان پر بلند آواز میں پنجابی گانے چلائے جاتے ہیں۔
بھارتی خبر رساں ادارے اے این آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی فوج نے خاص طور پر ایل اے سی کی اس چوکی پر پنجابی گانے بجانا شروع کیے ہیں جہاں بھارت نے مسلسل نظر رکھی ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ رواں ماہ مئی سے دونوں ممالک کے مابین لداخ کے علاقے میں انتہائی کشیدہ صورتحال پائی جاتی ہے جس کے دوران بھارت کے 20 فوجی بھی مارے جاچکے ہیں۔