کراچی۔پاکستان نے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والی بیماریوں کے خدشات کے پیش نظر عالمی ادارہ صحت برائے حیوانات کی سفارشات کی روشنی میں چین کے تائپے حصہ، کینیڈا، فرانس، یونان، آئرلینڈ اور ایکواڈور سے حلال جانوروں، گوشت اور گوشت سے بنی مصنوعات، مرغیوں اور جانوروں کی خوراک میں استعمال ہونیوالے اجزا کی درآمدات پر مکمل پابندی عائد کردی ہے۔
جبکہ آسٹریلیا، امریکہ، برطانیہ، جرمنی اور بھارت سمیت 50 ممالک سے حلال جانوروں، گوشت، گوشت سے بنی مصنوعات اور جانوروں کی خوراک کی درآمد پر کڑی شرائط عائد کر دیں۔
ان ممالک سے درآمد کئے جانے والے حلال جانوروں اور گوشت کی درآمد کرنے کیلئے متعلقہ ہیلتھ اتھارٹی کا سرٹیفکیٹ فراہم کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے جس میں درآمدات کی انسانوں کو منتقل ہونے والی بیماریوں سے پاک ہونے کی تصدیق کی گئی ہو۔
متعلقہ ہیلتھ اتھارٹی سے یہ تصدیق بھی کروانا ہوگی کہ درآمد کئے جانے والے جا نور متعلقہ ملک میں پیدا ہوئے اور گزشتہ 11 سال میں وہیں پلے بڑھے۔
اس ضمن میں وزارت تجارت نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ مرغیوں، چوزوں اور پرندوں کی درآمد کیلئے برڈفلو سے محفوظ ہونے کا سرٹیفکیٹ، 21 دن تک قرنطینہ میں رکھنے اور سینی ٹائزڈ کنٹینروں میں لانا لازمی ہوگا۔
مرغیوں اور شتر مرغ کے انڈوں کی درآمد کیلئے بھی یہی شرائط لاگو ہوں گی۔