حکومت نے بجلی اور گیس مزید مہنگی کردی، گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ

 اسلام آباد۔ماہانہ دو سو یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے بجلی 32 پیسے مہنگی کر دی گئی، گیس میٹر کا کرایہ 20 ر وپے سے بڑھا کرماہانہ40 روپے ہوگیا اور یوٹیلیٹی سٹورز پر گھی 33 روپے مہنگا کر دیا گیا۔

 حکومت نے ماہانہ 200 یونٹ استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی 32 پیسے مہنگی کر دی ہے، اقتصادی کمیٹی نے بجلی کے نرخ بڑھانے کی منظوری دے دی تاہم دو سو سے زائد یونٹس پر پرانے نرخ برقرار رہیں گے۔

بجلی کے نرخ گزشتہ نومبر سے جون تک فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے وصول کیے جائیں گے۔ ایل پی جی کی قیمت میں بھی 3 روپے کلو اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد فی کلو کی قیمت 120 روپے تک پہنچ گئی ہے،اوگرا کی جانب سے ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے، گھریلو سلنڈر کی قیمت 1382 سے بڑھ کر 1416 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری طرف یوٹیلیٹی سٹورز پر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا گھی 33 روپے فی کلو تک مہنگا کردیا گیا کوکنگ آئل کی قیمت بھی 20 روپے فی لیٹر تک بڑھا دی گئی ہے۔ ٹوتھ برش 14 سے لے کر 35 روپے، ٹوتھ پیسٹ کی قیمت میں 5 سے لے کر 20 روپے، ریڈ چیلی پاڈر 73 روپے، ملک چاکلیٹ کی قیمت میں 5 روپے، شوینگ کریم 20 روپے تک مہنگی کر دی گئی ہیں۔

 سوپ سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا جس کا اطلاق فوری ہوگا۔ادھر اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گیس ڈویلپمنٹ سرچارج کے 22 ارب روپے صارفین سے وصول کرنے کی منظوری دے دی ہے، اس کے تحت گیس کے میٹر کا ماہانہ کرایہ 20 روپے سے بڑھا کر 40 روپے کردیا گیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سٹیل ملز کے ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دینے کیلئے 19 ارب 65 کروڑ روپے جاری کردیئے جبکہ این ایچ اے کا قرضہ گرانٹ میں تبدیل کرنے کی منظوری دیدی گئی۔