سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے مطابق 15 اکتوبر سے تمام سی این جی پمپس کو گیس کی فراہمی بند کرنے کا منصوبہ تیار ہے اور 15 اکتوبر سے صرف ایل این جی پر چلنے والے پمپس کھلیں گے۔
سوئی سدرن حکام کے مطابق مقامی گیس پر بیشتر سی این جی اسٹیشنز 4 ماہ بعد 15 فروری سےکھولنےکامنصوبہ ہے۔
دوسری جانب گیس پمپ مالکان کا کہنا ہے کہ مقامی گیس کے بجائے زیادہ سے زیادہ پمپ ایل این جی پر منتقل کیے جا رہے ہیں،گیس میں خودکفیل سندھ کو چاہیے کہ وفاق سے گیس حصے میں اضافہ حاصل کرے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ سندھ میں تقریباً 700 میں سے 108 پمپ قطری ایل این جی پر منتقل کیے جاچکے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گیس کی پیداوار میں خود کفیل سندھ اب درآمدی ایل این جی استعمال کرے گا۔
خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں پہلے ہی گھریلو صارفین اور صنعتوں کو گیس کی قلت کا سامنا ہے،وزیراعظم عمران خان بھی پہلے ہی سردیوں میں گیس کی قلت کا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں۔