کویتی حکومت کا تمام شہریوں کو سالانہ 50 ہزار ڈالر دینے کا پروگرام

کویت سٹی۔ کویتی حکومت ایک نیا پروگرام سامنے لا رہی ہے جس کے تحت ملازمت کی عمر والے تمام شہریوں کو زندگی بھر سالانہ 50 ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں کویتی حکومت کی جانب سے پروگرام کے مسودے پر کام کیا جا رہا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد شہریوں کو سبسڈی کی مد میں دی جانے والی رقم بچانا اور دولت کی منصفانہ تقسیم قرار دیا جا رہا ہے۔

 ایک کویتی جریدے نے ایک رپورٹ شائع کی ہے جسے انویسٹمنٹ کنسلٹنٹ علی السلیم نے تیار کیا ہے۔

علی السلیم کا اس پروگرام بارے بتاتے ہوئے کہنا تھا کہ اس سے ناصرف دولت کی منصفانہ تقسیم ہوگی بلکہ روزگار کے مسائل بھی حل ہونگے۔ اس سے کویتی معیشت کو پائیدار بنانے میں مدد ملے گی جبکہ براہ راست اخراجات کا ضیاع کم ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کی وجہ سے حکومت مقامی شہریوں کے لیے غیرضروری آسامیاں پیدا کرنے پر مجبور نہیں ہوگی۔ مشکل یہ ہے کہ ملک میں بیورو کریسی کی وجہ سے وزارتوں کا حجم بڑھ گیا ہے۔ ملازم حد سے زیادہ ہوگئے ہیں۔ موثر اور مفید حل یہی ہے کہ پٹرول کی آمدنی کی تقسیم کا سادہ طریقہ اپنایا جائے۔