وزیر اعظم کی جانب سے ٹائیگر فورس کو اشیاء خورونوش کی قیمتوں کے کنٹرول کے لیے استعمال کرنے کے معاملے پر تاجروں اور کریانہ مرچنٹ کے دکانداروں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا۔
مرکزی کریانہ ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر سلیم پرویز نے کہا کہ ڈی سی ریٹ والی اشیاء کی فروخت نئے ریٹ طے ہونے تک بند رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس کے ذریعے عملدرآمد اس وقت تک نامنظور ہے جب تک اشیاء کی قیمتوں کو از سر نو متعین کرکے لاگو نہیں کیا جاتا ۔ گذشتہ دو ماہ سے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کررہے ہیں کہ اشیاء کے ریٹ متعین کریں لیکن مطالبات کے باوجود شنوائی نہیں ہوئی، الٹا ٹائیگر فورس کے اہلکاروں نے دکانداروں سے چیکنگ کے نام پر بدتمیزی شروع کردی ہے۔ تاجروں سے چیکنگ کے نام پر بدسلوکی کسی صورت قابل برداشت نہیں، یہ سلسلہ روکا نہ گیا تو بھرپور احتجاج کریں گے۔