لندن: برطانوی خاتون کیٹلن مکنمارا نے متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک نے لٹریچر فیسٹیول کی تیاری کے دوران جنسی استحصال کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق معروف ادبی و ثقافتی ادارے ’ہے فیسٹیول‘ کی منتظم برطانوی خاتون 32 سالہ کیٹلن مکنمارا نے سنڈے ٹائمز کو انٹرویو دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک نے انہیں فیسٹیول کی تیاری کے سلسلے میں ایک جزیرے میں بلایا اور جنسی زیادتی کی کوشش کی۔
برطانوی خاتون نے مزید کہا کہ مجھے اندازہ تھا کہ ایک طاقتور شخص میرے ساتھ کیا کرسکتا ہے، جہاں ایک شہزادی کو پسند کی شادی کی وجہ سے غائب کردیا جاتا ہو وہاں میرے ساتھ بہت کچھ ہوسکتا تھا اس لیے میں نے اس وقت معاملہ نرمی سے ٹال دیا۔
دوسری جانب ’ہے فیسٹیول‘ نے خاتون اہلکار کے ساتھ جنسی استحصال کے واقعے پر ابوظہبی میں ہونے والے لٹریچر فیسٹیول میں اپنی خدمات جاری رکھنے سے احتجاجاً انکار کردیا ہے۔
ادھر 62 سالہ شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے برطانیہ میں موجود وکلا نے برطانوی خاتون کی جانب سے انٹرویو میں لگائے گئے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعجب ہے خاتون کو 8 ماہ بعد خیال آیا اور اس کے لیے بھی درست مقام کے بجائے اخبار کو چنا اور ایسا ہمارے کلائنٹ کی ساکھ کو نقصان بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔