واشنگٹن:امریکا نے ایک اعلان میں بتایا ہے کہ اس نے چین کی دو شخصیات اور چھ اداروں کو اپنی بلیک لسٹ میں شامل کر لیا ہے۔
ان افراد اور کمپنیوں نے ایک ایرانی کارگو کمپنی کے ساتھ لین دین کا معاملہ کیا اور بعض حالات میں امریکی پابندیوں سے بچنے میں کمپنی کی مدد کی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے بیان میں کہاگیاکہ ایرانی کارگو گروپ(ایرسیل گروپ)کے بحری بیڑے کے ساتھ لین دین کرنے والی چینی کمپنیوں کے نام: رِچ ہولڈنگ گروپ شنگھائی، رِچ شپنگ لائنز، ڈیلائٹ شپنگ، نوبل شپنگ، گریشیئس شپنگ اور سپریم شپنگ ہیں۔
بیان میں یہ بھی بتایا گیا کہ رِچ ہولڈنگ کمپنی کے سربراہ ڈینیل ہی اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایرک چن کو بھی بلیک لسٹ کر دیا ہے۔
امریکی وزارت خزانہ کی بلیک لسٹ میں شامل کیے جانے پر مذکورہ اداروں اور افراد کے اثاثوں کو منجمد کیا جا رہا ہے اور امریکی شہریوں کو عمومی صورت میں ان کے ساتھ لین دین سے روک دیا گیا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایک بیان میں کہا کہ آج ہم ساری دنیا کو خبردار کر رہے ہیں کہ اگر آپ لوگوں نے اس کمپنی (ایرسیل گروپ)کے ساتھ لین دین کے معاملات کیے تو آپ لوگوں کو امریکی پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔