نئی دہلی: بھارت کی نصف آبادی کا اگلے برس فروری تک کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارت کی کورونا وائرس کی پروجیکشن کمیٹی نے کہا ہے کہ آئندہ برس فروری تک ملک کی ایک ارب تیس کروڑ کی آبادی میں سے لگ بھگ نصف کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا امکان ہے۔
اس وقت بھارت میں 76 لاکھ افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں اور یہ امریکا کے بعد دوسرا سب سے زیادہ وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد والا ملک ہے۔
کورونا وبا کے آغاز میں بھارت میں وائرس سے متاثرہ کیسز کی تعداد میں خاصی کمی دیکھی گئی تھی، خصوصا ًاموات کی شرح امریکہ جیسے ترقی یافتہ ملک کے مقابلے بہت کم تھی، تاہم ماہرین نے اس کی وجہ یوں بتائی کہ بھارت میں کورونا ٹیسٹ ہی محدود پیمانے پر کئے جارہے ہیں جس کے سبب کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی رپورٹنگ ہی نہیں ہو رہی۔
بھارتی اپوزیشن مودی سرکار کو کورونا کے حوالے سے مناسب اقدامات نہ اٹھانے پر تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے، حزب اختلاف پارٹی کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی نسبت پاکستان نے کوویڈ 19 کا زیادہ بہتر انداز میں مقابلہ کیا۔