متحدہ عرب امارات کا سرکاری وفد اسرائیل پہنچ گیا،باہمی معاہدوں پر دستخط 

یروشلم:متحدہ عرب امارات(یو اے ای)کا پہلا سرکاری وفد منگل کو اسرائیل پہنچ گیا جہاں چار باہمی معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔اسے اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر سے یوٹیوب پر براہ راست نشر کیا گیا۔

یو اے ای کے وزیر مملکت برائے مالی امور عبید حمید الطایر اور وزیرمعیشت عبداللہ بن طوق المری کی زیر قیادت وفد کا تل ابیب سے باہر بن گوریان بین الاقوامی ہوائی اڈے پرہونے والی ایک سرکاری تقریب میں وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے استقبال کیا۔

نیتن یاہو نے اپنے استقبالیہ کلمات میں کہا کہ یہودی اور عرب مشترکہ جد امجد ابراہام کی اولاد ہیں۔ہمیں اس دن کویاد رکھنا چاہئے یہ امن کا ایک شاندار دن ہے۔

اسرائیلی اور متحدہ عرب امارات کے حکام کی جانب سے جن چار معاہدوں پر دستخط کئے گئے ہیں ان میں دونوں ممالک کے مابین سرمایہ کاری کے فروغ اور تحفظ کا معاہدہ، ویزا چھوٹ کا معاہدہ جس کے تحت اسرائیلی اور اماراتی باشندے آزادانہ طور پر ایک دوسرے کے علاقوں میں داخل ہوسکیں گے۔

 مسافراور مال بردار باقاعدہ پروازیں شروع کرنے کے لئے نقل و حمل اور ہوا بازی کا معاہدہ اور سائنس اور جدت  کے شعبوں میں تعاون کی ایک یادداشت شامل ہے۔

تقریب کے دورن الطایر نے کہا کہ تاریخی امن معاہدے پر دستخطوں کے بعد سے ہماری دونوں حکومتوں کے درمیان ہم نے سنجیدہ پیش رفت حاصل کی ہے۔