عمران عباس کی  ارطغرل غازی میں علی یار بے کا کردار ادا کرنے والے اداکار سے ملاقات

 پاکستانی اداکار عمران عباس نے  ارطغرل غازی میں علی یار بے کا کردار ادا کرنے والے اداکار جیم اوجان سے  ترکی میں ملاقات کی ہے 

دونوں اداکاروں کی تصاویر اس وقت وائرل ہوئیں جب جیم اوجان نے ملاقات پر عمران عباس کا شکریہ ادا کیا۔

ترک اداکار نے عمران عباس کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملاقات کے لیے شکریہ میرے بھائی‘۔

دوسری جانب عمران عباس نے بھی ترک اداکار کے ساتھ تصاویر پوسٹ کی اور لکھا کہ معروف ترک اداکار کے ساتھ ایک بہت اچھی ملاقات رہی۔

واضح رہے کہ ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کو پی ٹی وی پر 24 اپریل سے نشر کیا جا رہا ہے اور اب اس کا دوسرا سیزن بھی شروع ہوچکا ہے۔

اس ڈرامے کی کہانی 13ویں صدی میں ’سلطنت عثمانیہ‘ کے قیام سے قبل کی ہے جو ’ارطغرل‘ نامی بہادر مسلمان سپہ سالار کے گرد گھومتی ہے، جنہیں ’ارطغرل غازی‘ بھی کہا جاتا ہے۔

ڈرامے میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح 13ویں صدی میں ترک سپہ سالار ارطغرل نے منگولوں، صلیبیوں اور ظالموں کا بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھا۔

جہاں اس ڈرامے نے پاکستانیوں کے دل میں جگہ بنائی ہے وہیں ارطغرل غازی کے تمام کردار بھی پاکستانی عوام کی محبت کے مشکور ہیں اور جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔

گزشتہ ماہ ستمبر میں ارطغرل غازی میں دوآن الپ (روشان) کا کردار ادا کرنے والے جاوید چتین گونر پاکستان آئے تھے اور انہوں نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔

علاوہ ازیں اسی ڈرامے میں 'ترگت الپ' کا کردار ادا کرنے والے اداکار جنگیز جوشقون اور بامسی کا کردار ادا کرنے والے اداکار نورالدین سونمیر پاکستان کے معروف برانڈ جے ڈاٹ فریگرینس کے برانڈ ایمبیسڈر بنے تھے۔

جس کے بعد ارطغرل غازی میں سلیمان شاہ کی منہ بولی بیٹی اور بعد میں بڑے بیٹے گلدارو کی بیوی سلجان خاتون کا کردار ادا کرنے والی دیدم بالچین پاکستانی ڈیزائنر ماریہ بی کے ملبوسات کی ماڈلنگ کریں گی۔