امریکی صدر ٹرمپ کا چین میں بینک اکاؤنٹ ہے، نیو یارک ٹائمز کا اہم انکشاف

نیویارک:امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا چین میں ایک بینک اکاؤنٹ ہے اور وہ چین میں برسوں تک کاروباری منصوبوں کی تلاش میں رہے ہیں۔

اس اکاؤنٹ کو ٹرمپ انٹرنیشنل ہوٹلز مینیجمنٹ کے ذریعے کنٹرول کیا جاتا ہے اور اس کے ذریعے سنہ 2013 سے سنہ 2015 کے دوران چین میں مقامی ٹیکسوں کی ادائیگیاں بھی کی جاتی رہی ہیں۔

ٹرمپ کے ایک ترجمان کے مطابق اس اکاؤنٹ کو ایشیا میں ہوٹلوں کی ڈیلز کی تلاش کے لیے کھلوایا گیا تھا۔صدر ٹرمپ چین میں کاروبار کرنے والی امریکی کمپنیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں اور ان کی اسی پالیسی کی بدولت چین اور امریکہ کے مابین تجارتی جنگ کی سی کیفیت ہے۔

نیویارک ٹائمز کو اس اکاؤنٹ کا صدر ٹرمپ کے ٹیکس ریکارڈ کی دستاویزات سے پتا چلا، اس دستاویزات میں ان کی کمپنیوں اور ذاتی مالی معاملات کی تفصیلات ہیں۔نیو یارک ٹائمز کی اس سے قبل شائع ہونے والی رپورٹس میں بتایا گیا تھا کہ صدر ٹرمپ نے سنہ 2016 اور سنہ 2017 میں فیڈرل ٹیکسز کی مد میں مجموعی طور پر صرف 750 ڈالر ٹیکس ادا کیا تھا۔

 یہ وہ وقت تھا جب وہ صدارت کے منصب پر فائز ہوئے تھے۔ جبکہ چین میں بینک اکانٹ کے ذریعے مقامی ٹیکسوں کی مد میں ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد کی ادائیگیاں کی گئیں۔آئندہ ماہ تین نومبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب سے قبل بھی صدر ٹرمپ اپنے حریف جو بائیڈن اور چین کے بارے میں ان کی پالیسیوں پر تنقید کرتے رہے ہیں۔

ٹرمپ انتظامیہ نے جو بائیڈن کے بیٹے ہنٹر کو بھی تنقید کا نشانہ بنا رکھا ہے اور ان کے چین کے ساتھ معاملات کے حوالے سے ایسے دعوے کیے جا رہے ہیں جن کا ابھی تک کوئی ثبوت سامنے نہیں آیا۔

 جو بائیڈن کے انکم ٹیکس گوشواروں اور دیگر مالی معاملات کی تفصیلات سے نہیں پتا چلتا ہے کہ ان کے چین کے ساتھ کسی قسم کی کاروباری وابستگی نہیں ہے۔