آذربائیجان کی فتوحات کا سلسلہ جاری،آرمینیا سے مزید 24دیہات، ایک شہر آزاد کرالیا

آرمینیا سے جنگ کے دوران آذربائیجان کی فوج نے ایک اور شہر زنجیلان اور مزید 24 دیہات آزاد کرالیے۔ 

آرمینیا اور آذربائیجان کے درمیان نگورنو کاراباخ  کے معاملے پر کئی روز سے جنگ جاری ہے جس میں سیکڑوں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ 

دونوں ممالک کے درمیان عارضی جنگ بندی کی دو بار کوشش کی گئی تاہم کچھ ہی دیر میں جنگ بندی کی خلاف ورزیاں سامنے آگئیں۔ 

آذربائیجان کی فوج کی پیش قدمی مسلسل جاری ہے اور آذری فوج نے زنجیلان شہر اور مزید 24 دیہات کو آرمینیائی قبضے سے آزاد کرا لیا ہے۔

 

پاکستان میں تعینات آذربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ اب تک آذربائیجان نے 3 شہروں، 95 گاؤں اور ایک قصبے کو  آرمینیائی قبضے سے چھڑا لیا ہے۔

خیال رہے کہ عالمی سطح پر ’نگورنو کارا باخ‘ آذربائیجان کا تسلیم شدہ علاقہ ہے تاہم اس پر آرمینیا کے قبائلی گروہ نے فوج کے ذریعے قبضہ کررکھا ہے جب کہ اسی قبضے کے باعث پاکستان آرمینیا کو تسلیم نہ کرنے والا واحد ملک ہے۔