روس اور ایران صدارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہے ہیں، امریکی انٹیلی جنس

واشنگٹن: امریکی نیشنل انٹیلی جنس نے کہا ہے کہ روس اور ایران 2020میں ہونے والے انتخابات میں مداخلت کی کوشش کر رہے ہیں۔

ڈائریکٹر امریکی نیشنل انٹیلی جنس جان ریڈکلف نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک نے امریکی الیکشن میں مداخلت کیلئے اقدامات کر لیے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس مصدقہ اطلاعات ہیں کہ ایران اور روس نے امریکی ووٹرز کی رجسٹریشن کی کچھ معلومات  حاصل کر لی ہیں۔

جان ریڈ کلف کا مزید کہنا تھا کہ ایران جعلی اکاؤنٹس اور  ای میلز کے ذریعے سوشل میڈیا پر بدامنی پھیلانے اور صدر ٹرمپ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کر رہا ہے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ صدارتی انتخابات میں شکست کی صورت میں ملک چھوڑ بھی سکتا ہوں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرا مقابلہ ایک برے حریف جو بائیڈن سے ہے، انتخابات میں شکست کی صورت میں میرے یہاں رہنا مشکل ہو جائے گا۔