گریمی ایوارڈ ونر پاپ اسٹار گلوکارہ ریانا نے گانے میں احادیث کے الفاظ شامل کیے جانے پر معافی مانگ لی۔
بارباڈوس سے تعلق رکھنے والی پاپ اسٹار ریانا کو اپنے فیشن شو میں شامل گانے میں احادیث کے الفاظ استعمال کیے جانے پر گزشتہ دنوں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا جس کے بعد گلوکارہ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے مسلمان کمیونٹی سے معافی مانگی۔
انسٹاگرام اسٹوری میں ریانا نے کہا کہ میں تمام مسلمانوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے فیشن شو میں غیر ارادی طور پر شامل غلطی کی بڑے پیمانے پر نشاندہی کی، ہم سمجھ سکتے ہیں کہ ہم نے اس غلطی کے ذریعے اپنے کئی مسلمان بہن بھائیوں کو تکلیف پہنچائی ہے جس کے لیے میں خود بھی شرمندہ ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں کبھی بھی کسی مذہب یا عقیدے کی حرمت کو نشانہ نہیں بناتی اسی لیے فیشن شو میں شامل مواد مکمل طور پر غیر ذمہ دارانہ تھا۔
ریانا نے اپنی پوسٹ میں مستقبل میں اس عمل کے دوبارہ سرزد نہ ہونے کی یقین دہانی بھی کروائی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ کے ابتدائی ہفتے میں ایمازون پرائم پر پیش کیے جانے والے ریانا کے فیشن شو میں پروڈیوسر کلو کلوئی کا گانا شامل کیا گیا تھا، گانے کے بولوں میں احادیث کے الفاظ استعمال کیے جانے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ریانا اور ان کی ٹیم کوخاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جس کے بعد گانےکے پروڈیوسر کوکوکلوئی نے ایک ٹوئٹ کے ذریعے مسلمانوں سے معافی مانگی۔
گانے کے پروڈیوسر کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ میرے گانے میں شامل لفظوں سے مسلم کمیونٹی کے جذبات مجروح ہوئے جس پر میں تمام مسلمانوں سے معافی مانگتا ہوں، اس گانے کے لیے سیمپل آن لائن حاصل کیے گئے تھے اور اس وقت مجھے معلوم نہیں تھا کہ سیمپل میں اسلامی احادیث استعمال کی گئی ہیں۔
پروڈیوسر کا مزیدکہنا تھا کہ’ قبول کرتا ہوں کہ میں نے گانے کے لفظوں پر مکمل تحقیق نہیں کی جب کہ میں ان لوگوں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے اس بڑی غلطی سے متعلق وضاحت کا وقت دیا، ہم فوری طور پر گانے کو تمام سوشل پلیٹ فارمز سے ہٹارہے ہیں۔