اسلام آباد:وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے استفادہ ضروری ہے، ملک میں پہلی بار الیکٹرک وہیکل پالیسی متعارف کرائی ہے، الیکٹریکل بسوں کی تیاری بھی پاکستان میں ہو گی۔ یونیورسٹی طلباء نے پہلی بار بجلی سے چلنے والی تین پہیوں والی گاڑی بنائی ہے۔
پیر کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاہور اورنج ٹرین منصوبے کو جاری رکھنے کیلئے سالانہ 12ارب حکومتی خزانے سے خرچ ہو گا ہمیں ایسے بے وقوفانہ پراجیکٹ شروع نہیں کرنے چاہیے تھے، جتنی رقم خرچ کی گئی ہے اتنے پیسوں میں لاہور کے ہر گھرانے کو ایک کار فراہم کی جا سکتی تھی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستانی جامعات کو مارکیٹ کے ساتھ منسلک کر رہے ہیں جبکہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کی پبلک ٹرانسپورٹ کو الیکٹرک ٹیکنالوجی پر منتقل کریں گے۔
آئندہ چھ ماہ میں موٹرویز پر الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کی سہولت بھی دستیاب ہو گی اور تین سال میں الیکٹرک وہیکل کے شعبے میں 2 سے 4ارب ڈالر کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔