اداکار شان شاہد کا ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی تعریف جبکہ پی ٹی وی پر تنقید

پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور اداکار شان شاہد کا کہنا ہے کہ  ارطغرل غازی ایک بہترین ڈرامہ ہیں، لیکن وہ چاہتے ہیں کہ لوگوں کو یہ بھی  معلوم ہو کہ اسلام برصغیر میں کیسے آیا۔

عرب نیوز کو اپنے حالیہ انٹرویو میں شان نے  جہاں ترک ڈرامے کی تعریف کی وہیں سوال اٹھایا کہ پچھلے 10 سے 15 سالوں کے دوران پی ٹی وی صارفین کے لیے اچھا مواد کیوں نہیں پیش کر سکا؟

انہوں نے کہا کہ یہ میرا حق ہے کہ میں پی ٹی وی سے پوچھوں کہ پچھلے 10 سے 15 سالوں کے دوران پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) صارفین کے لیے اچھا مواد کیوں نہیں پیش کر سکا؟


انہوں نے کہا اس تاریخی موضوع پر ڈرامہ یا سیریز بننی چاہیے کہ اسلام اس خطے میں کیسے آیا اور پاکستان ٹیلی ویژن نیٹ ورک (پی ٹی وی) کو اس پر کام کرنا چاہیے۔

اداکار نے مزید کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ اس وقت پی ٹی وی میں پروگرامنگ کون دیکھ رہا ہے لیکن جو بھی کر رہا ہے اسے جاگنے کی ضرورت ہے اور اپنے فرائض انجام دینے چاہیئں۔

خیال رہے کہ اداکار شان شاہد سوشل میڈیا پر مسلسل ڈرامہ سیریل ارطغرل غازی نشر کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے نظر آئے ہیں۔