جنرل بپن راوت بھی بھارت میں ہونے والی کرپشن کےخلاف بول پڑے

نئی دہلی : بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت بھی بھارت میں ہونے والی کرپشن کےخلاف بول پڑے اور بھارت کی ترقی میں کرپشن سب سےبڑی رکاوٹ قرار دے دی۔

تفصیلات کے مطابق انتہا پسندوں نے بھارت کو کرپشن کا گڑھ بنادیا ، بھارتی فوجی قیادت بھی کرپشن کے خلاف بول پڑی، بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے بدعنوانی کو ملکی ترقی کی راہ میں سب سےبڑی رکاوٹ قرار دیتے ہوئے کہا حکومت سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کوکرپشن کیخلاف کام کرنا ہو گا۔

بپن راوت نے اپیل کی کہ اگر عوام کہیں بھی ایسی کوئی چیز دیکھیں تو متعلقہ ایجنسیوں کو اطلاع کریں تاکہ کرپشن کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔

دوسری جانب دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیر ریٹائرڈ حارث نواز نے کہا کہ مودی کے دن گنے جاچکے ہیں، بھارتی جنرل نے حکومت پر الزام لگایا لیکن کسی کی میڈیا میں جرات نہیں ہوئی کہ اپنی حکومت،فوج یا را کےبارے میں بات کریں۔

حارث نواز کا کہنا تھا کہ بھارتی جنرل نے اپنے ملک میں بدعنوانی کی کھل کر بات کی،لیکن پاک فوج کی طرف سے کرپشن کیخلاف بات کرنا کچھ لوگوں کو برا لگتا ہے۔

خیال رہے بھارت کے 44بینکوں کے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے انکشافات سامنے آئے تھے ، بینکوں نے 3201 غیر قانونی ٹرانزیکشنز سے 1.53بلین ڈالر منی لانڈرنگ کی۔

بینکوں میں بھارت کاپنجاب نیشنل بینک،کوٹک مہاندرا،ایچ ڈی ایف سی بینک ، کنارہ بینک،انڈس لینڈبینک،بینک آف بروڈا شامل تھا۔

رپورٹ میں یہ بھی دعویٰ کیاگیا تھا کہ منی لانڈرنگ میں بھارتی نودرات کے اسمگلر بھی ملوث ہیں جبکہ سونے اور ڈائمنڈ کی بھی منی لانڈرنگ میں استعمال کاانکشاف ہوا ہے۔