ریاض:سعودی عرب ملک میں رائج غیر ملکی ملازموں کی کفالت کے نظام کو ختم کرنے کے ایک منصوبے پر کام کر رہا ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز نے عربی زبان میں شائع ہونے والے اخبار ’مال‘ کے حوالے سے یہ خبر دی ہے جبکہ سعودی گزٹ نے بھی مختلف ذرائع کا حوالہ دے کر اس خبر کو شائع کیا ہے۔
سعودی عرب میں رائج اس نظام کے تحت سعودی شہری اپنے ملک میں روزگار کے سلسلے میں آنے والے غیر ملکی شہریوں کو سپانسر کرتے ہیں جسے کفالہ کہا جاتا، سپانسر کرنے کے بدلے سعودی شہریوں کو ایک مختص رقم فراہم کرنی پڑتی ہے۔
تاہم اب سعودی عرب اس کی جگہ ایک دوسرا نظام متعارف کروا رہا ہے جس میں مالک اور ملازم کے درمیان براہ راست معاہدہ ہو گا خیال کیا جا رہا کہ اس اقدام کے تحت سعودی عرب اپنے ملک میں نجی شعبے کو فروغ دینا چاہتا ہے اور ایسا کر کے وہ مزید غیر ملکی افراد کو سعودی عرب میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنا چاہتا ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب تیل پر اپنی معیشت کا انحصار کم کرنا چاہتا ہے۔