ترکی کے اعلیٰ عہدیداروں نے فرانس کے ہفتہ وار مزاحیہ سیاسی میگزین چارلی ہیبڈو میں ترک صدر طیب اردوان کا تضحیک آمیز کارٹون شائع کرنے پر مذمت کرتے ہوئے اسے 'تہذہبی نسل پرستی اور نفرت پر مبنی مکروہ اقدام' قرار دیا ہے۔
فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے متعلق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے حمایت پر مبنی بیان کے بعد ترک صدر نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے 'فرانسیسی صدر کو اپنا دماغی معائنہ' کرانے کی تجویز کی تھی۔ جس کے جواب میں فرانس نے ترکی میں موجود اپنے سفیر کو مذکورہ بیان کے بعد مشاورت کے لیے واپس بلالیا تھا۔ تاہم اب فرانس کے ہفتہ وار چارلی ہیبڈو میگزین کی جانب سے ترک صدر کا توہین آمیز کارٹون شائع کیے جانے کے بعد ترکی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
ترکی کے صدارتی ترجمان ابراہیم کلن نے ٹوئٹر پر کہا کہ 'ہم فرانسیسی میگزین میں اپنے صدر سے متعلق اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں کسی بھی عقیدہ، تقدس اور قدروں کا کوئی احترام نہیں ہے'۔
انہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنی بے حیائی دکھا رہے ہیں، ذاتی حقوق پر حملہ مزاح اور آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا۔
ترکی کے صدارتی مواصلات کے ڈائریکٹر فرحتین التون نے میگزین میں طیب اردوان کے متنازع کارٹون پر کہا کہ 'ایمانوئل میکرون کا مسلم مخالف ایجنڈا اب ثمرات دکھانا شروع ہوگیا'۔