میکسیکو میں خفیہ قبروں سے 59 لاشیں برآمد

 

 میکسیکو:وسطی میکسیکو میں خفیہ قبروں سے کم از کم 59 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔

 سرکای حکام نے بتایا کہ گوانا جویٹو کے علاقے میں گمنام قبروں کے بارے میں دو ہفتے قبل اطلاع ملی تھی جس پر ریاستی اور وفاقی سلامتی کے ادارے 8 دن سے کام کر رہے تھے۔

نیشنل سرچ کمیشن (سی این بی)کے سربراہ کارلا کوئنٹانا نے بتایا کہ یہ قبریں ریاست کے جنوبی شہر سالیوٹیرا کے پڑوس میں واقع بیریو ڈی سان کے مقام پر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ زیادہ تر لاشیں نوجوانوں اور کم عمر افراد کی معلوم ہوتی ہیں جن میں ممکنہ طور پر 10 سے 15 خواتین بھی شامل ہیں تاہم ابھی ماہرین کی رپورٹ آنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملے کے حوالے سے مزید شواہد مل رہے ہیں جن پر تحقیقات کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

ریاستی کمشنر ہیکٹر ڈیاز کے مطابق 80 سے زائد افراد پر مشتمل ٹیم روزانہ 18 گھنٹے علاقے کا جائزہ لیتی رہی اور 52 مقامات کی کھدائی کر کے لاشوں کاکھوج لگایا گیا۔واضح رہے کہ گوانا جویٹو چاندی کی کانوں اور نوآبادیاتی فن تعمیر کے حوالے سے جانا جاتا ہے جبکہ یہاں دولت اور وسائل کا انفراسٹرکچر جرائم پیشہ گروہوں کی توجہ کا باعث ہے۔

 یہاں جرائم پیشہ گروہوں جیلسکو نیو جنریشن اور سانٹا روزا ڈی لیما کے درمیان کئی بار مسلح تصادم ہوا۔ جولائی میں مسلح افراد نے ایراپاٹو شہر میں منشیات کے اڈے پر دھاوا بول کر 27 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔ 

2006 میں حکومت نے منشیات کا دھندا کرنے والوں سے نمٹنے کے لئے یہاں فوج تعینات کر دی گئی جس کے بعد میکسیکو میں تشدد کے واقعات بڑھے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان واقعات میں اب تک 2 لاکھ 93 ہزار افراد قتل ہو چکے ہیں۔