آذربائیجان پر آرمینیا کے فضائی حملے میں 21 شہری جاں بحق،متعدد زخمی 

باکو: آذربائیجان پر آرمینیا کے فضائی حملے میں 21 شہری جاں بحق اور  متعدد زخمی ہو گئے۔

 آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان جھڑپوں میں اب تک سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ تین روز قبل امریکہ نے دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کا دعویٰ کیا تھا اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی معاہدے پر عمل پیرا ہونے پر اتفاق کیا اس جنگ بندی معاہدے سے بہت سی جانیں بچ جائیں گی۔

اس سے قبل روس کی جانب سے بھی دونوں ممالک کے درمیان 10 گھنٹے کے طویل کامیاب مذاکرات کا دعویٰ کیا تھا لیکن معاملات جوں کے توں رہے اور حملوں کا سلسلہ جاری رہا۔

آذربائیجان اور آرمینیا کے وزرائے خارجہ کی مذاکرات کے لیے ماسکو میں پہلی باضابطہ ملاقات ہوئی تھی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے روسی صدر کی دعوت پر مذاکرات کیے تھے تاہم مذاکرات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان جنگ بندی نہیں ہو سکی تھی۔

دونوں ممالک کے درمیان 27 ستمبر سے شروع ہونے والی اس کشیدگی کے باعث سینکڑوں افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں افراد نقل مکانی کرنے پر مجبور ہوئے۔