ترکی اور یونان میں شدید زلزلہ، 24افراد جاں بحق، 800سے زائد زخمی

 

اسلام آباد،انقرہ: ترکی میں آنے والے زلزلے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق اور 800 زخمی ہو گئے ہیں۔

ملکی و غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترکی کے علاقے ازمیر میں 24 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ 800 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چھ عمارتیں بھی زمیں بوس ہوئی ہیں۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7 ریکارڈ کی گئی ہے جب کہ ازمیر کے قریب سمندر کی سطح بلند ہو گئی ہے اور سمندری پانی آبادی میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔

 رپورٹ کے مطابق زلزلے کا مرکز یونان کے سمندر میں تھا جب کہ زلزلے کی گہرائی 16.54 تھی۔ یونان کے جزیرے ساموس میں بھی زلزلے کی وجہ سے دو افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔اب تک چھ عمارات کے گرنے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ عمارات کے ملبوں تلے دبے ہوئے تین افراد کو ریسکیو کرلیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے ترکی کے صوبے ازمیر میں آنے والے زلزلے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری نیک تمنائیں اور دعائیں متاثرین کے ساتھ ہیں۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی ٗ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے ترک حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔