کراچی میں ماڈل ایان علی کے فلیٹ پر جعلی کاغذات کے ذریعے مبینہ قبضے کی کوشش 

 

 کراچی: ماڈل ایان علی کے کراچی میں فلیٹ پر جعلی دستاویزات کے ذریعے مبینہ قبضے کی کوشش کا انکشاف ہوا ہے۔

ایان علی کا فلیٹ کراچی کے پوش علاقے میں واقع ہے، اس حوالے سے نجی ٹی وی سے گفتگو میں ایان علی کا کہنا تھا کہ جعلسازی کے ذریعے کراچی میں میرے فلیٹ پر قبضہ کیا جارہا ہے، میرے فلیٹ کی فروخت کا معاہدہ تیارکیا گیا جس پر میرے جعلی دستخط ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ جعلی معاہدے پر میرا قومی شناختی کارڈ نمبر بھی غلط لکھا ہوا ہے جبکہ مجھے ادائیگی کا چیک تیارکیا گیا جسے متحدہ عرب امارات کی پولیس نے بھی جعلی قرار دیا ہے۔

ماڈل گرل کا کہنا تھا کہ میری پاکستان میں عدم موجودگی پر میرے فلیٹ پر قبضے کی کوشش کی جارہی ہے، میں نے فلیٹ کسی کو فروخت نہیں کیا نہ ہی مجھے کوئی ادائیگی ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ جعلساز کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔

خیال رہے کہ ایان علی طویل عرصے سے بیرون ملک مقیم ہیں اور گزشتہ دنوں انہوں نے شوبز میں واپسی کا اعلان کیا تھا۔