گلوکار راحت فتح علی خان نے اپنے چچا اور استاد نصرت فتح علی خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
دلوں کو سرور بخشنے والے شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان گلوکار راحت فتح علی خان کے چچا تھے اور ان کے استاد بھی رہ چکے ہیں۔
راحت فتح علی خان اپنے استاد نصرت فتح علی خان کے متعدد گانے گا چکے ہیں اور اس بار انہوں نے نصرت فتح علی خان کے صوفی ٹریک ’سانسوں کی مالا‘ کو نئے انداز میں پیش کیا ہے۔
اب راحت فتح علی خان نے نصرت فتح علی خان کا 1979 میں گایا جانے والا صوفی ٹریک ’سانسوں کی مالا‘ ریلیز کرکے مداحوں کو خوش کردیا ہے اور اس گانے کے ذریعے انہو ں نے نصرت فتح علی خان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اس گانے کے حوالے سے راحت فتح علی خان کا کہنا تھا کہ ’سانسوں کی مالا میرے دل سے بے حد قریب ہے اور اس وقت یہ فیوژن ٹریک کے طور پر پیش کیا گیا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ میں اس گانے کے ذریعے اپنے استاد اور مرحوم چچا نصرت فتح علی خان کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔
علاوہ ازیں راحت فتح علی خان نے برطانوی نشریاتی ادارے (بی بی سی) کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ وہ نہیں چاہتے کہ نصرت فتح علی خان کے گانوں کا موازنہ ان کی آواز میں گائے جانے والے ریمیک ورژن سے کیا جائے۔